بنگلورو17؍اگست(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) گزشتہ ہفتہ شہر میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے دوران فوج کے خلاف نعرہ بازی کئے جانے پر سنگھ پریوار سے وابستہ طلبا تنظیم اے بی وی پی کی طرف سے شروع کی گئی تحریک عدم تعاون سے محتاط رہنے کی وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اعلیٰ پولیس افسران کو تاکید کی ،اور کہا کہ ان طلبا کے احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے میں پولیس افسران صبر وتحمل سے کام لیں۔ آج صبح اپنی رہائش گاہ پر وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور ، ڈی جی پی اوم پرکاش ، شہر کے پولیس کمشنر این ایس میگرک کے ساتھ میٹنگ کے دوران سدرامیا نے کہاکہ ایمنسٹی کی طرف سے کئے گئے جلسے اور اس میں ہوئی نعرہ بازی اور اس کے بعد احتجاجات کے واقعات کی تفصیل انہیں پیش کی جائے۔ تفصیلات سے واقفیت کے بعد سدرامیا نے افسران سے کہاکہ اے بی وی پی کارکنوں کی طرف سے کئے جانے والے احتجاج کے دوران اگر پولیس نے کسی طرح کی بے صبری کا مظاہرہ کیا تو اس بے صبری کا سیاسی استحصال کیاجاسکتا ہے۔ اسی لئے ان سے نمٹنے میں احتیاط برتی جائے۔اے بی وی پی کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے خفیہ محکمہ کو تاکید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظم وضبط کی نگرانی کیلئے مستعدی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ احتجاجیوں سے نمٹتے وقت کسی بھی طرح کے تشدد کی گنجائش نہ دی جائے۔ جو لوگ اشتعال انگیزی کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں ان پر گہری نظر رکھتے ہوئے اشتعال انگیزی پھیلانے سے پہلے ہی انہیں اٹھالیا جائے۔ کسی بھی حال میں صورتحال کو قابو سے باہر ہونے نہ دیا جائے۔ایمنسٹی کے خلاف درج شکایات کی جلد از جلد جانچ کرکے خاطیوں پر کارروائی کی بھی وزیراعلیٰ نے ہدایت دی۔